احمد آباد میں سڑکوں سے نان ویج کھانا فروخت کرنے والے اسٹالز کو ہٹانے کی ہدایت

نئی دہلی، نومبر 16: انڈین ایکسپریس کی خبر کے مطابق گجرات میں احمد آباد میونسپل کارپوریشن نے پیر کو شہر کی اہم سڑکوں سے نان ویج کھانے کی اشیاء فروخت کرنے والے اسٹالز کو ہٹانے کا فیصلہ کیا ہے۔

تاہم گجرات کے وزیر اعلیٰ بھوپیندر پٹیل نے دعویٰ کیا کہ ریاستی حکومت کو اس بات کی پرواہ نہیں ہے کہ لوگوں نے کیا کھایا اور انھوں نے اس مہم کو سڑکوں پر تجاوزات کے خلاف اقدام قرار دیا۔

اے این آئی کے مطابق کمیٹی کے چیئرپرسن دیونگ دانی نے کہا ’’عوامی سڑکوں اور اسکولوں، کالجوں اور مذہبی مقامات کے 100 میٹر کے دائرے میں نان ویج اشیاء فروخت کرنے والے اسٹالز کی اجازت نہیں ہوگی، یہ فیصلہ احمد آباد میونسپل کارپوریشن کی ٹاؤن پلاننگ کمیٹی نے کیا ہے۔‘‘

دانی نے کہا کہ یہ فیصلہ اس لیے لیا گیا کیوں کہ صبح کی سیر کرنے والوں، مذہبی مقامات پر جانے والوں اور بچوں کے والدین کی جانب سے ’’بدبو‘‘ کی شکایات موصول ہوئی تھیں کہ یہ چھوٹے بچوں کے ذہنوں پر منفی اثر ڈال رہا ہے۔

انڈین ایکسپریس کے مطابق یہ فیصلہ شہری ادارے کی ریوینیو کمیٹی کے چیئرپرسن جینِک وکیل کی طرف سے میونسپل کمشنر اور اسٹینڈنگ کمیٹی کو خط لکھے جانے کے دو دن بعد آیا ہے، جس میں سڑکوں پر نان ویجیٹیرین کھانے کی اشیا کی فروخت پر پابندی لگانے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔

گجرات کے راجکوٹ، بھاو نگر اور جوناگڑھ میں بھی بھارتیہ جنتا پارٹی کی زیرقیادت شہری انتظامیہ نے سڑک کے کنارے نان ویج کھانے کی اشیا فروخت کرنے والے دکانداروں کو ہٹانے کے لیے اقدامات کیے ہیں۔ دی ہندو کے مطابق شہری حکام نے ہاکروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ یا تو نان ویج اشیائے خوردونوش کی فروخت بند کر دیں یا انھیں ڈھک کر رکھیں تاکہ لوگ ان کی طرف نہ دیکھ سکیں۔

11 نومبر کو گجرات میں وڈودرا میونسپل کارپوریشن کی اسٹینڈنگ کمیٹی کے چیئرپرسن نے بھی زبانی طور پر شہری ادارے کے ایگزیکیٹو ونگ کو ہدایت دی تھی کہ وہ سڑک کے کنارے سٹالوں اور ریستورانوں پر عوامی نمائش سے گوشت پر مبنی کھانے ہٹا دیں۔

اس ہدایت کا اطلاق ان دکانداروں اور ریستورانوں پر ہوتا ہے جو چکن، مچھلی اور انڈے بیچتے ہیں۔

اس سے پہلے راجکوٹ میونسپل کارپوریشن نے افسران کو زبانی طور پر ہدایت دی تھی کہ گوشت اور انڈے کے سامان بیچنے والے دکانداروں کو مرکزی سڑکوں سے ہٹا دیں۔ راجکوٹ کے میئر پردیپ داو نے کہا کہ انھوں نے عہدیداروں سے کہا ہے کہ وہ ایسے دکانداروں کو بڑے چوراہے اور قریبی مندروں کے پاس سے منتقل کریں۔