ترکیہ اورشام میں تباہ کن زلزلے کے دو ہفتے بعد ایک اورشدید جھٹکا

ترکیہ اور شام کے سرحدی علاقے میں پیر کی شب 6.4 شدت کے زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، تین لوگوں کی موت اور دو سو سے زائد لوگوں کے زخمی ہونے کی خبر ہے

انقرہ ،21فروری :۔
ترکیہ اور شام میں گزشتہ دو ہفتے قبل آئے تباہ کن زلزلے کے بعد ملبوں سے لاشوں کے نکالے جانے کا سلسلہ ابھی جاری ہی ہے کہ ترکیہ اور شام کے سرحدی علاقے میں پھر ایک شدید زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے ۔میڈیا رپورٹوں کے مطابق ترکیہ اور شام کے سرحدی علاقے میں پیر کی شب 6.4 شدت کے زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔اس تازہ زلزلے میں متعدد مکان تباہ ہو گئے اور تین لوگوں کی موت کی اطلاعات ہیں اور مزیددو سو سے زائد لوگوں کے زخمی ہونے کی خبر ہے ۔
العربیہ کی رپورٹ کے مطابق یورپی بحیرہ روم (بحر متوسط) کے زلزلہ پیما مرکز (ای ایم ایس سی) نے بتایا ہے کہ اس زلزلے کی گہرائی دس کلومیٹرتھی۔ترکیہ کے قدرتی آفات سے نمٹنے کے ادارے اے ایف اے ڈی (عفاد)کا کہنا ہے کہ زلزلے کا مرکز صوبہ حاتائے کے شہر دیفنے کے آس پاس تھا۔
واضح رہے کہ یہ نیا زلزلہ ترکیہ اور شام میں 6 فروری کو7.8 کی شدت کے زلزلے کے دوہفتے بعد آیا ہے۔اس تباہ کن زلزلے کے نتیجے میں دونوں پڑوسی ممالک میں دس لاکھ سے زیادہ افراد بے گھر ہو گئے تھے، اور 45،000 سے زیادہ ہلاکتوں کی تصدیق ہوچکی ہے۔دونوں ممالک ابھی تک اس زلزلے کی تباہ کاریوں سے نبردآزما ہیں جبکہ بین الاقوامی برادری بھی متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں میں شریک ہے۔مختلف ممالک کی امدادی ٹیمیں اشیائے ضروریہ ادویہ، طبی سامان اور رضاکارعملہ کے ساتھ زلزلہ زدگان کی مدد کررہی ہیں۔
امریکہ نے تازہ زلزلے پر تشویش کا اظہار کیا
دریں اثناامریکہ نے ترکی میں آنے والے تازہ ترین زلزلے پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔ امریکہ کے قومی سلامتی کے مشیر جیک سلیوان نے کہا کہ امریکہ کو جنوبی ترکی میں پیر کو آنے والے دو تازہ زلزلوں کے بارے میں "گہری تشویش” ہے اور وہ ترکی کو مکمل تعاون کی پیشکش کے لیے تیار ہے۔ سلیوان نے ٹویٹر پر لکھا، "ہمیں ترکی اور شام میں پہلے ہی تباہ شدہ علاقوں میں زلزلے کے اثرات کی اطلاعات پر گہری تشویش ہے۔” امریکہ اپنی مکمل حمایت جاری رکھے گا۔
ترکی میں بار بار زلزلے کیوں آرہے ہیں؟
ترکی اور اس کے آس پاس کا علاقہ اناطولیہ پلیٹ پر ہے۔ماہرین کہتے ہیں کہ ترکی 6 ٹیکٹونک پلیٹوں سے گھرا ہوا ہے۔ اناطولیائی پلیٹ کے مشرق میں مشرقی اناطولیائی فالٹ ہے جبکہ بائیں طرف ٹرانسفارم فالٹ ہے۔جنوب اور جنوب مغرب میں افریقی پلیٹ ہے۔ اس کے علاوہ ترکی کے شمال میں یوریشین پلیٹ بھی ہے۔ یہ پلیٹیں گھڑی کی مخالف سمت میں گھومتی ہیں۔ یہ ان پلیٹوں کے درمیان رگڑ کا سبب بنتا ہے۔ جس کی وجہ سے زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے جا رہے ہیں۔