آسام نارتھ میں جی آئی او کا پہلا کیڈر اجلاس

خواتین کی قیادت اور انہیں بااختیار بنانے کی جانب تاریخی پیش رفت

گوہاٹی (دعوت نیوز ڈیسک)

گرلز اسلامک آرگنائزیشن (GIO) آسام نارتھ کا پہلا کیڈر اجلاس پچھلے دنوں گوہاٹی میں منعقد ہوا جو تنظیم کی تاریخ میں ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔ اس اجتماع نے خطے میں نوجوان لڑکیوں کو بااختیار بنانے کی کوششوں میں ایک نیا موڑ متعارف کروایا، جس کا مقصد ان کی قیادت اور سماجی شعور کو فروغ دینا ہے۔
تقریب کا آغاز سمیہ بیگم کی پرسوز تلاوتِ قرآن سے ہوا۔ اجلاس کی قیادت زاہدہ بتول، سکریٹری JIH آسام نارتھ وومینس ونگ نے کی جو کئی سالوں سے آسام میں خواتین کی فلاح و بہبود کے لیے سرگرم عمل ہیں۔
زاہدہ بتول نے اپنے افتتاحی خطاب میں نوجوان لڑکیوں میں قیادت کے جذبے کو پروان چڑھانے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ GIO کا مقصد انہیں معاشرے میں اہم کردار ادا کرنے کے قابل بنانا ہے۔ NFGIO یعنی نیشنل فیڈریشن آف گرلز اسلامک آرگنائزیشن کی نائب صدر خان شاہین نے "مقصدِ زندگی” کے موضوع پر ایک پراثر خطاب کیا، جس میں زندگی کے حقیقی مقاصد کے ادراک اور ان کے حصول پر روشنی ڈالی۔
اجلاس کی اگلی نشست میں NFGIO کی سکریٹری ڈاکٹر آمنہ خانم نے "جی آئی او : مقاصد اور تنظیمی ڈھانچہ” کے موضوع پر جامع پریزنٹیشن پیش کیا۔ انہوں نے جی آئی او کے ڈھانچے، اس کے مشن اور اہداف کو واضح کیا تاکہ نوجوان لڑکیوں کو تعلیم اور معاشرتی قیادت کے مواقع فراہم کیے جا سکیں۔
ڈاکٹر آمنہ خانم نے "تنظیمی زندگی کے آداب” پر بھی زور دیا جس میں انہوں نے نظم و ضبط، باہمی تعاون اور اتحاد کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ اس سیشن میں تنظیم کی مضبوطی کے لیے اجتماعی کوششوں کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا۔
اوپن سیشن میں پروفیسر ظہور الاسلام مُلّا امیرِ حلقہ آسام اور حلقہ آفس سکریٹری اور ایچ آر ڈی سکریٹری باسط چودھری کی موجودگی نے تقریب کو چار چاند لگا دیے۔ ان معزز شخصیات نے تنظیم کے مقاصد اور نوجوان خواتین کی قیادت کی حوصلہ افزائی کے لیے قیمتی تجاویز پیش کیں۔ امیرِ حلقہ نے نو منتخب کنوینر اور کور کمیٹی کے اراکین کو مبارکباد دی اور انہیں بھرپور لگن اور بصیرت کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں نبھانے کی تلقین کی۔
اجلاس کے اختتامی کلمات خان شاہین نے پیش کیے، جنہوں نے کمیونٹی کے اندر اتحاد اور اجتماعی شرکت کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ اجتماع خواتین کی ترقی کی راہ میں ایک سنگ میل ثابت ہوگا۔
یہ تاریخی اجتماع نہ صرف جی آئی او آسام کی بنیاد کو مضبوط بنا گیا بلکہ اس نے شرکاء کے دلوں میں مقصد اور عزم کی نئی امید جگائی۔ یہ اقدام خطے میں خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے مستقبل کی مزید سرگرمیوں کی راہ ہموار کرے گا۔ان شاء اللہ۔

 

***

 


ہفت روزہ دعوت – شمارہ 13 اکتوبر تا 19 اکتوبر 2024