بی جے پی رکن پارلیمنٹ کو لینڈ مافیا لکھنے پراخبار کے مدیر عمران خان گرفتار

کانگریس رہنما کے الزام کی بنیاد پر اتل گرگ کو لینڈ مافیا لکھا گیا تھا، جس خبر کے حوالے سے عمران خان کو گرفتار کیا گیا ہے وہ اخبار کے رپورٹر سبھاش چند نے لکھی ہے، جرنلسٹ ایسوسی ایشن غازی آباد نے گرفتاری کی مذمت کی

نئی دہلی،05 نومبر :۔

اتر پردیش میں کسی بھی کارروائی کیلئے صرف مسلمان ہونا ہی کافی ہے خواہ آپ کی واضح غلطی ہو یا نہ ہو۔حالیہ دنوں میں غازی آباد میں ایک ایسا ہی معاملہ سامنے آیا ہے۔جہاں ایک مقامی اخبار میں  بی جے پی ایم پی اتل گرگ  کو لینڈ مافیا لکھے جانے کی  شکایت پر اتر پردیش پولیس نے غازی آباد کے صحافی عمران خان کو گرفتار کرکے جیل بھیج دیا ہے۔ خان ایک مقامی اخبار ‘آپ ابھی تک’ کے مدیر ہیں۔حالانکہ کی اس خبر کے لکھنے والے کا نام سبھاش چندہے مگر پھر بھی کارروائی مدیر پر کی گئی ۔

واضح رہے کہ اس سال لوک سبھا انتخابات کے دوران ‘آپ ابھی تک’ میں گرگ کے بارے میں ایک خبر شائع ہوئی تھی۔ ایم پی کا ماننا ہے کہ اس خبر سے ان کی امیج خراب ہوئی  ہے۔دی وائر اردو کی رپورٹ کے مطابق  کوی نگر پولیس نے عمران خان کو گزشتہ 2 نومبر کی رات گرفتار کیاتھا۔

اس سلسلے میں جرنلسٹ ایسوسی ایشن غازی آباد نے ڈی ایم اندر وکرم سنگھ کے توسط سے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کو ایک میمورنڈم دے کر عمران خان کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔ صحافیوں نے وارننگ دی  ہے کہ اگر انہیں رہا نہ کیا گیا تو وہ احتجاجی مظاہرہ کریں گے۔

جس خبر کے حوالے سے عمران خان کو گرفتار کیا گیا ہے وہ اخبار کے رپورٹر سبھاش چند نے لکھی ہے۔  چند نے کہا، ‘میں نے خبر لکھی تھی، لیکن گرفتار عمران خان کوکیا گیا ہے ، کیوں کہ وہ مسلمان ہیں۔ چند نے مزید کہا، ‘عمران خان کو پولیس نے سادے لباس میں 2 نومبر کی شام کو چوہدری موڑ کی ٹریفک لائٹ کے قریب سے اٹھایا تھا۔ ان کے ساتھ ناروا سلوک کیا گیا۔ گھنٹوں ادھر ادھر گھمانے کے بعد انہیں کوی نگر پولیس اسٹیشن لے جایا گیا، جہاں حراست میں رکھنے کے بعد 3 نومبر کی صبح 11 بجے جیل بھیج دیا گیا۔ پولیس نے انہیں جیل بھیجنے سے پہلے ایس پی کے سامنے پیش نہیں کیا۔ یہ تاناشاہی  نہیں تو اور کیا ہے؟’

رپورٹ کے مطابق یہ اپریل کی بات ہے۔ لوک سبھا انتخابات 2024 چل رہے تھے۔ اتل گرگ اس وقت غازی آباد کے ایم ایل اے تھے۔ ان کی پارٹی نے انہیں غازی آباد سے لوک سبھا کا امیدوار بنایا تھا۔ کانگریس نے اس سیٹ سے ڈولی شرما کو میدان میں اتارا تھا۔ اپریل میں ڈولی شرما نے اپنے دفتر میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اتل گرگ کو براہ راست لینڈ مافیا کہا۔ انہوں نے الزام لگایا کہ گرگ نے لینڈ کرافٹ سوسائٹی میں سرکاری زمین پر قبضہ کیا ہواہے۔   کئی میڈیا اداروں نے اس معاملے کو کور کیا۔ ‘آپ ابھی تک’ اخبار نے بھی اس معاملے پر 12 اپریل 2024 کو خبر شائع کی۔ اتل گرگ نے کسی دوسرے میڈیا ادارے کو کچھ نہیں کہا، صرف میرے مدیر کو نشانہ بنایا کیونکہ وہ مسلمان ہیں۔