ملک کے 23 ایمس اسپتالوں کا نام آزادی پسندوں، مقامی ہیروز اور یادگاروں کے نام پر رکھنے کی تیاری
نئی دہلی، اگست 22: ویون کی خبر کے مطابق حکومت ہند اپنی تازہ ترین تجویز کے تحت ملک بھر میں 23 آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (AIIMS) کے نام مجاہدینِ آزادی، علاقائی ہیروز، تاریخی واقعات اور یادگاروں کے اعزاز میں تبدیل کرنے کا منصوبہ بنا رہی ہے۔
اطلاعات کے مطابق وزارت صحت کے اعلیٰ عہدیداروں کے درمیان اس تجویز پر تبادلۂ خیال کیا گیا ہے۔ فی الحال یہ منظوری کے آخری مراحل میں ہے۔ اس تجویز کو منظوری ملنے کے بعد ملک کی مختلف ریاستوں میں واقع تمام 23 ایمس کا نام بدل دیا جائے گا۔ فی الحال کو ان کے علاقوں سے منسوب کرکے جانا جاتا ہے، جیسے ایمس دہلی، ایمس پٹنہ وغیرہ۔
ایمس اسپتالوں نے بھی اپنی تجاویز وزارت کو بھیجی ہیں۔ یہ خیال کیا جاتا ہے کہ مرکزی وزارت صحت کے پوچھے جانے پر زیادہ تر اداروں نے تین سے چار نام تجویز کرکے اس عمل میں سرگرمی سے حصہ لیا۔
ویون کے مطابق اس معاملے سے متعلق ایک اہلکار نے کہا ’’مرکزی وزارت صحت اور خاندانی بہبود کی جانب سے اس معاملے میں ان سے تجاویز طلب کرنے کے بعد 23 ایمس میں سے اکثریت نے ناموں کی فہرست پیش کی ہے۔‘‘
صرف ہندوستانی ہی نہیں بلکہ بیرون ملک مقیم مریض بھی ایمس کی خدمات کو ترجیح دیتے ہیں، جو آس پاس کے زیادہ تر نجی اسپتالوں کے مقابلے میں بہت سستا اور زیادہ موثر علاج فراہم کرتا ہے۔
ایمسز نہ صرف ضرورت مندوں کی مدد کرتے ہیں بلکہ میڈیکل کے طلبا کو تعلیمی سہولیات بھی فراہم کرتے ہیں۔