گجرات: موربی میں پل گرنے کا المناک سانحہ، 132 افراد ہلاک، 7 زخمی

گجرات کے موربی شہر کے بی ڈویژن علاقے میں اتوار کے روز پل گرنے سےاب تک 132 افراد ہلاک اور سات دیگر کےزخمی ہو نے کی خبر ہے۔

نئی دہلی :ضلع انتظامیہ کے ذرائع نے خبر رساں اداروں کو بتایا کہ پیر کی صبح تک اس حادثے میں مرنے والوں کی تعداد 132 ہو گئی ہے، جب کہ سات دیگر زخمی اسپتال میں زیرعلاج ہیں۔ مرنے والوں کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ہے۔ اب بھی ندی میں  گمشدہ لوگوں کی تلاش جاری ہے۔
پولیس نے بتایا کہ مچھو ندی پربنا پُل کل شام اچانک گر گیا، جس کی وجہ سے کئی لوگ ندی میں گر گئے۔ پل پر آنے والے زیادہ تر لوگ چھٹھ پوجا کے لیے آئے تھے۔

پولس نے بتایا کہ ماچھو ندی پر واقع جھولتا پل اتوار کی  شام تقریباً 7 بجے اچانک منہدم گیا، جس کی وجہ سے سینکڑوں لوگ ندی میں گر گئے۔
ایمرجنسی سروس 108 نے بتایا کہ 100سے زائدلوگوں کو ماچھو ندی سے نکالا گیا ہے۔ ان میں سے 30 سے ​​35 لوگوں کی موت ہو چکی ہے۔
دریں اثناء، وزیر اعظم کے دفتر (پی ایم او) نے ٹویٹ کیا کہ وزیراعظم نریندر مودی نے اس سلسلے میں گجرات کے وزیر اعلی مسٹر بھوپندر پٹیل اور دیگر عہدیداروں سے بات کی ہے۔ پی ایم او کے مطابق، انہوں نے راحت رسانی کے لیے فوری طور پر امدادی ٹیموں کی تعیناتی کا حکم دیا ہے اور مسٹر مودی نے پی ایم این آر ایف (وزیراعظم کے قومی ریلیف فنڈ)سے موربی کے حادثے میں مرنے والے ہر ایک کے لواحقین کو دو-دو لاکھ روپے اور زخمیوں کے لیے 50 ہزار روپے دینے کا اعلان کیا۔
گجرات کے وزیر اعلیٰ مسٹر بھوپندر پٹیل بھی سانحہ کے بعد جائے حادثہ پرپہنچے۔انہوں نے کہا کہ موربی میں پیش آنے والے حادثے میں اپنی جانیں گنوانے والے شہریوں کے اہل خانہ سے میں گہری تعزیت کا اظہار کرتا ہوں۔ ریاستی حکومت مرنے والوں کے لواحقین کو 4 لاکھ روپے اور زخمیوں کو 50 ہزار روپے کی امداد فراہم کرے گی۔


کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے کہا، “گجرات کے موربی میں پل حادثے کی خبر بہت افسوسناک ہے۔ میں اس مشکل وقت میں تمام سوگوار خاندانوں کے تئيں اپنی گہری تعزیت کا اظہار کرتا ہوں۔ میں کانگریس کے تمام کارکنوں سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ حادثے میں زخمی ہونے والوں کی ہر ممکن مدد کریں اور لاپتہ افراد کی تلاش میں مدد کریں۔

کانگریس کے نو منتخب صدر ملکاارجن کھڑگے نے کہا، ’’گجرات کے موربی میں جھولتا پل گرنے کے سانحہ سے بہت رنج ہوا ہے۔ میں گجرات کانگریس کے کارکنوں سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ راحت رسانی کے کام میں ہر ممکن مدد کریں اور زخمیوں کی مدد کریں۔

ادھر، راجستھان کے وزیر اعلی اشوک گہلوت نے کہا ہے کہ گجرات کے موربی میں پل گرنے کے واقعہ کی گجرات حکومت کو جانچ کرانی چاہئے تاکہ قصورواروں کو سزا مل سکے۔
مسٹر گہلوت نے صحافیوں سے کہا کہ یہ حادثہ انتہائی افسوسناک  ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اس کی شفاف تحقیقات کرائے اور معلوم کرے کہ چند روز قبل  تجدیدکاری کے بعد کھلنے والا پل کن حالات میں اور کیسے گرا۔ انہوں نے کہا کہ واقعہ کی مکمل جانچ ہونی چاہیے تاکہ قصورواروں کو سزا مل سکے۔

تازہ ترین اطلاعات کے مطابق، راحت رسانی کا کام جنگی پیمانے پر جاری ہے اور وزیراعظم و گجرات کے وزیراعلی اس کی خصوصی طور پر نگرانی کر رہے ہیں۔ اب تک 134 افراد کو ندی سے نکالا گیا ہے اور مزید غوطہ خوروں کی مدد سے گمشدہ لوگوں کی تلاش جاری ہے۔

حکومت گجرات نے اس واقعہ کی جانچ کے لیے اور خاطیوں کے خلاف سخت ترین کاروائی کو یقینی بنانے کے لیے ایس آئی ٹی کی تشکیل کردی ہے۔