یوپی کابینہ نے ایودھیا ہوائی اڈے کا نام بدل کر ’’رام‘‘ کے نام پر رکھنے کی تجویز کو منظوری دی

اترپردیش، 25 نومبر: پی ٹی آئی کی خبر کے مطابق اتر پردیش کی کابینہ نے منگل کے روز ایودھیا میں ہوائی اڈے کا نام ’’بھگوان رام‘‘ کے نام سے منسوب کرنے کی تجویز کو منظور کر لیا۔ ریاستی حکومت نے کہا کہ اس کی کابینہ نے ایودھیا ہوائی اڈے کا نام ’’مریادا پرشوتم شری رام ایئر پورٹ‘‘ کرنے کی تجویز کو منظوری دے دی ہے۔

اب یہ تجویز سینٹرل سول ایوی ایشن کی وزارت کو بھیجی جائے گی۔

اترپردیش حکومت کی جانب سے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ اس وقت زمین کے حصول کا عمل جاری ہے۔ ریاستی حکومت شہر کی ترقی اور عالمی مذہبی سیاحت کے مقام کے طور پر اس کے فروغ میں مصروف ہے۔ ہندوستان ٹائمز کے مطابق ایودھیا کے تحفظ، سیاحت اور بنیادی ڈھانچے کی مجموعی ترقی کے لیے عالمی مشیر بھی رکھا جائے گا۔

کابینہ کے ذریعے اس تجویز کی منظوری کے بعد اتر پردیش کے نائب وزیر اعلی کیشو پرساد موریہ نے ٹویٹ کرتے ہوئے اس فیصلے کی تعریف کی ہے۔ انھوں نے پوسٹ کیا ’’یوگی یوپی حکومت کی کابینہ نے ایودھیا ہوائی اڈے کو ’’مریادا پرشوتم شری رام ایئرپورٹ‘‘ نام دینے کی منظوری دے دی ہے۔ آپ کی ریاستی حکومت شری رام للا کے شہر ایودھیا کو دنیا کے اعلی مذہبی مقامات میں شامل کرنے کے لیے پرعزم ہے۔‘‘

ایئرپورٹ کا نام تبدیل کرنا منگل کو منظور کی جانے والی 21 مختلف تجاویز میں شامل تھا۔ گذشتہ روز ہی ریاستی کابینہ نے اس آرڈیننس کو بھی منظوری دی ہے جو ریاست میں "لو جہاد” (Love Jihad) کے معاملات کو روکنے کے لیے سزا کا قانون بنانے کی تجویز پیش کرتا ہے۔