یوپی: ٹائمز ناؤ  نو بھارت  کی فرضی رپورٹنگ، ایک مسلم طالب علم  کو امیش پال کیس میں  بتایا شوٹر

عاکف حماد نامی ایک طالب علم نے الزام لگایا کہ 23مارچ کو، اپنے پرائم ٹائم شو "نیوز کا پاٹھ شالہ" کے دوران اسے ارمان کے طور پر پیش کیا ،شکایت کے باوجود وضاحت بھی جاری نہیں کی

نئی دہلی ،25 اپریل :۔

ٹی وی چینلوں  کی جانب سے مسلمانوں کے سلسلے میں تعصب اور بے بنیاد خبریں چلا کر ان کی شبیہ خراب کرنے کی کوششیں ہمہ وقت کی جاتی ہیں۔عام طورپر فرضی خبروں کو حقیقت کے پیرائے میں ڈھال کر عوام کے سامنے پیش کیا جاتا ہے ۔بسا اوقات ٹی وی چینلوں کی اس مسلم دشمنی کےسبب مسلم نوجوانوں کو نقصان کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔امیش پال مرڈر کیس میں بھی ایسا ہی ایک معاملہ سامنے آیا ہے جس میں اصل شوٹر کی جگہ ٹی وی چینل نے ایک طالب علم کی تصویر اور ویڈیو چلا کر اس کی شبیہ خراب کرنے کی کوشش کی ہے ۔

مکتوب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق اتر پردیش کے الہ آباد میں ایک مسلم طالب علم نے الزام لگایا ہے کہ ٹائمز ناؤ نو بھارت چینل نے اسے شوٹر کے طور پر پیش کیا اور اس پر امیش پال قتل کیس میں ملوث ہونے کا الزام لگایا۔ اس کا دعویٰ ہے کہ اس کی تصاویر اور ویژول ٹی وی پر پرائم ٹائم کے دوران نشر کیے گئے تھے۔ متعدد ای میلز اور قانونی نوٹس کے بعد، چینل نے ویڈیو کو ہٹا دیا، لیکن کوئی وضاحت جاری نہیں کی۔

رپورٹ کے مطابق 23 مارچ کو، اپنے پرائم ٹائم شو "نیوز کا پاٹھ شالہ” کے دوران، اینکر سوشانت سنہا کی میزبانی میں ٹائمز ناؤ نو بھارت نے ایک ویڈیو نشر کیا جس میں ایک نوجوان لڑکے کو دکھایا گیا تھا، جس کے بارے میں انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ وہ شوٹر ارمان ہے، جو مبینہ طور پر امیش پال میں ملوث ہے۔ قتل اور اس کے سر پر 5 لاکھ کا انعام  ہے ۔ ویڈیو میں چینل نے ارمان کو عتیق احمد کی اہلیہ شائستہ پروین کے ساتھ دکھایا۔ تاہم ایک مسلمان طالب علم عاکف حماد نے  بتایا کہ ویڈیو میں نمایاں ہونے والا شخص شوٹر ارمان نہیں بلکہ وہ خودتھا۔

عاکف نے دعویٰ کیا کہ چینل نے اسے شوٹر کے طور پر غلط طور پر شناخت کیا ہے اور اس کا اس کیس سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ عاکف کے مطابق، چینل کی طرف سے دکھایا گیا ویڈیو شائستہ پروین کی انتخابی مہم کا ویڈیو تھا، جسے بی ایس پی نے میئر کے انتخاب کے لیے ٹکٹ دیا تھا۔ شائستہ انتخابی مہم کے لیے عاکف کے محلے میں آئی تھی، اور وہ بھی بہت سے لوگوں کی طرح وہاں موجود تھا، جیسا کہ عام طور پر ہوتا ہے۔ عاکف نے واضح کیا کہ وہ  ابھی  بی اے تیسرے سال کا طالب علم ہے۔ ساتھ ہی وہ ایک آرٹسٹ بھی ہے  جو لائیو شوز میں پرفارم کرتا ہے، اور اس کا اس سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

عاکف نے مزید کہا کہ بہت سے لوگ نو بھارت کو فالو کرتے ہیں، اور اس کے ایک دوست نے اسے یہ بتانے کے لیے فون کیا کہ چینل اسے امیش پال کے قتل میں ملوث شوٹر کے طور پر دکھا رہا ہے۔ اسے لوگوں کی طرف سے اور بھی بہت سی کالیں موصول ہوئیں جن میں یہی بات بتائی گئی، اور اس کے نتیجے میں اس کی شبیہ کو داغدار کیا گیا۔ عاکف نے کہا کہ اس کا خاندان پریشان ہے، اور وہ افسردہ ہے۔ ویڈیو کی وجہ سے اس کے تمام شوز منسوخ ہو گئے ہیں  اور اسے لگتا ہے کہ اس کی جان کو خطرہ ہے، اس لیے اس نے باہر جانا چھوڑ دیا ہے۔

عاکف نے دعویٰ کیا کہ اس نے چینل کو متعدد ای میلز بھیجے، جس میں کہا گیا کہ ویڈیو گمراہ کن ہے۔ انہوں نے ان کے افسران اور متعلہ محکمہ  کو بھی  شکایت کی لیکن انہوں نے کچھ نہیں کیا۔ کئی کالز اور ویڈیو پر بڑی تعداد میں ویوز کے بعد بالآخر چینل نے اسے یوٹیوب سے ہٹا دیا۔ "تاہم جب تک بہت دیر ہو چکی تھی، اورنقصان ہو چکا ہے۔انہوں نے بتایا کہ چینل نے ابھی تک ویڈیو کے حوالے سے کوئی وضاحت جاری نہیں کی ہے۔عاکف نے کہا کہ وہ چینل سے صرف ایک وضاحت چاہتے ہیں کہ انہوں نے غلطی کی ہے اور ویڈیو میں دکھایا گیا شخص شوٹر ارمان نہیں ہے۔