یوپی سرکار کا مارچ تک 50 لاکھ نوجوانوں کو ملازمت دینے کا منصوبہ

*یوپی سرکار کا مارچ تک 50 لاکھ نوجوانوں کو ملازمت دینے کا منصوبہ*
اس مہم کے آغاز میں شامل عہدیداروں کے مطابق ، بے روزگار نوجوانوں کو سرکاری محکموں، کونسلوں، کارپوریشنوں کے ساتھ ساتھ نجی شعبے میں بھی درخواست دینے کا موقع فراہم کیا جائے گا۔
یوپی حکومت مارچ 2021 تک 50 لاکھ نوجوانوں کو ملازمت فراہم کرنے کے مقصد سے ایک خصوصی مہم شروع کرے گی۔ امید ہے کہ مہم – مشن روزگار– دیوالی کے بعد وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ کے ذریعہ شروع کی جائے گی۔
اس مہم کے آغاز میں شامل عہدیداروں کے مطابق ، بے روزگار نوجوانوں کو سرکاری محکموں ، کونسلوں ، کارپوریشنوں کے ساتھ ساتھ نجی شعبے میں بھی درخواست دینے کا موقع فراہم کیا جائے گا۔
’’ان میں براہ راست اور بالواسطہ دونوں شامل ہوں گے۔ ان ملازمتوں میں حکومت کے ساتھ ساتھ سرکاری سطح پر چلنے والی ملازمتیں بھی شامل ہوں گی۔ یکم اپریل سے حکومت نے تقریبا 6 لاکھ نئے ایم ایس ایم ای یونٹوں کے لئے 18000 کروڑ روپئے کے بینک قرضوں کا خوش کن اعلان کیا ہے ۔ ان (MSME) یونٹوں میں سرکاری محکموں
کے علاوہ بھی روزگار پیدا ہوگا۔‘‘ ایڈیشنل چیف سکریٹری (انفارمیشن) ) نونیت سہگل نے دی انڈین ایکسپریس کو بتایا۔
چیف سکریٹری آر کے تیواری نے بدھ کے روز اس مہم کے عملی منصوبے کو حتمی شکل دینے کے لئے ایک اجلاس منعقد کیا۔ ذرائع کے مطابق ، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ نوجوانوں کو اس شعبے میں روزگار کے مواقع سے آگاہ کرنے کے کام کے ساتھ ہر محکمہ اور تنظیم میں ایک ہیلپ ڈیسک قائم کیا جائے گا۔
اس کے علاوہ ، ملازمت کے مواقع کا ایک ڈیٹا بیس تیار کیا جائے گا جس کے لئے ڈائریکٹوریٹ آف ٹریننگ اینڈ ایمپلائمنٹ کے ذریعہ ایک خصوصی موبائل ایپلی کیشن کے ساتھ ساتھ ایک ویب پورٹل بھی تیار کیا جائے گا۔ ڈیٹا بیس ہر پندرہ دن کو اپ ڈیٹ کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ ، دیگر انتظامیہ کے تمام محکمہ ، ڈائریکٹوریٹ ، کارپوریشنز ، بورڈز، کمیشنوں میں ملازمت کے مواقع پر نظر رکھنے کے لئے ایک افسر کو نوڈل آفیسر نامزد کریں گے۔
مشن روزگار انفراسٹرکچر اینڈ انڈسٹریل ڈویلپمنٹ کمشنر چلائیں گے، جبکہ چیف سکریٹری کی سربراہی میں ایک اعلی سطحی کمیٹی ماہانہ بنیاد پر اس مہم کی نگرانی کرے گی۔ ضلعی سطح پر بھی کمیٹیاں تشکیل دی جائیں گی جن کی سربراہی متعلقہ ضلعی مجسٹریٹ کریں گے۔
ایک عہدیدار نے بتایا کہ ڈائریکٹوریٹ آف ٹریننگ اینڈ ایمپلائمنٹ ، نجی صنعتوں کے ساتھ مل کر، روزگار میلوں کا اہتمام کرے گا اور بھرتی کے تمام زیر التوا مقدمات حل کرے گا۔