قرآنی آیات کی تلاوت کرتے ہوئے ڈاکٹر نے زلزلے کے دوران کیا حاملہ خاتون کا کامیاب آپریشن

سری نگر میں بجبہاڑہ کے سب ضلع اسپتال میں ڈاکٹر شبینہ شاہ کی ٹیم نے ثابت قدمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے فرض کا انجام دیا،ہرطرف ستائش

سری نگر،25 مارچ :۔

آپریشن تھیٹر میں حاملہ خاتون کے آپریشن کے دوران اچانک زلزلے کے جھٹکوں سے زمین ہلنے لگی ،سرجریکل لائٹس جھومنے لگے ،مشینیں ہلنے لگیں ،بجلی کے تار زور زور سے جھولنے لگے ،خوف کےعالم میں اپنی جان کی پرواہ کئے بغیر ڈاکٹر شبینہ شاہ کی ٹیم نے ثابت قدمی کا مظاہرہ کیا اور آپریشن جاری رکھا ،اس دوران ڈاکٹر شبینہ کے ہونٹوں پر قرآنی آیات کا ورد  شروع ہو گیا ،ٹیم کا ہر فرد کلمہ توحید زور زور سے دہرانے لگا۔مگر آپریشن متاثر نہیں ہوا اور پوری ٹیم نے ثابت قدمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے آپریشن کو انجام تک پہنچایا ۔

یہ واقعہ ہے گزشتہ دنوں پیش آئے زلزلے کے دوران کا ۔سری نگر میں بجبہاڑہ سب ضلع اسپتال  میں میٹرنٹی سیکشن کے ڈاکٹر ایک مریض کے آپریشن میں مصروف تھے کہ اچانک سرجیکل ہیڈلائٹس ٹمٹمانے لگیں۔  کمرے کی ہر چیز ہلتی ہوئی نظر آئی ۔

ڈاکٹر شبینہ شاہ آپریٹنگ سرجن ڈیوٹی پر تھیں۔ وہ ایک اینستھیٹسٹ، اسسٹنٹ اینستھیٹسٹ، اور دو نرسوں کے ساتھ ایل ایس سی ایس (لوئر سیگمنٹ سیزرین سیکشن) کر رہی تھیں جب زلزلے کے جھٹکوں نے وادی کو ہلا کر رکھ دیا۔ اس آپریشن کا ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوا ہے جسمیں دیکھا جا سکتا ہے کہ ڈاکٹر شبینہ نے قرآن پاک کی آیات کی تلاوت کرتے ہوئےسرجری جاری رکھی ۔  زلزلے کی شدت اس دوران 6.6  تھی۔

ڈاکٹر شبینہ شاہ بتاتی ہیں کہ ہم نے دو سرجری کی تھیں اور وہ اس دن ہماری تیسری مر یضہ تھیں۔ وہ جگر کی خرابی سے دو چار تھیں ۔ شاہ نے  بتایاکہ  جب زلزلہ آیا تو ہم پیٹ کو بند کر رہے تھے۔ ایک لمحے کے لیے، ہر ایک نےزور کا جھٹکا محسوس کیا   اوراس دوران ان کے سامنے ترکی کا خوفناک زلزلے کا منظر عیاں ہو گیا ۔ لیکن ہم نے ثابت قدم رہنے کا فیصلہ کیا اور مریض کو اپنی پریشانیوں کا احساس نہ ہونے دیا۔ ہم نے اس سے کہا کہ چاہے کچھ بھی ہو جائے ہم اس کے ساتھ رہیں گے۔ شکر ہے، بچہ اور ماں دونوں ٹھیک ہیں ۔

زلزلے کے دوران ثابت قدمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کامیاب آپریشن کرنے کا ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد لوگوں نے  ڈاکٹر شبینہ شاہ اور اسپتال عملے کی تعریف کی ہے ۔صحت سہولیات سے وابستہ سرکاری اہلکاروں نے بھی ڈاکٹر شبینہ شاہ کی جرات مندی کی تعریف کی اور انہیں مبارکباد پیش کی  ۔

انڈیا ٹو مارو کی رپورٹ کے مطابق ہیلتھ اینڈ میڈیکل ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ جے اینڈ کے نے اپنے ٹویٹر ہینڈل پر لکھا، "سیکرٹری ایچ اینڈ ایم ای ڈیپارٹمنٹ بھوپندر کمار آئی اے ایس نے ایس ڈی ایچ بجبہارہ کے طبی عملے کو جرات اور بہادری کے اس عمل کی تعریف  کی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

ڈاکٹرس ہیلتھ سروسز کشمیر کے ڈائریکٹر نے  بھی مبارکباد دی۔ ہیلتھ سروسز ڈیپارٹمنٹ کے ترجمان ڈاکٹر میر مشتاق نے کہا، "قابل سکریٹری ہیلتھ اینڈ میڈیکل ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کی ہدایت پر بھوپندر کمار ڈائرکٹر ہیلتھ سروسز نے آج ایس ڈی ایچ  بجبہاڑہ کا دورہ کیا اور زلزلے سے خوفزدہ ہوئے بغیر سرجری کرنے والے عملے کو مبارکباد دی۔