ہند-چین تنازعہ: ’’ہندوستان حکومت کی بزدلی کی بڑی قیمت ادا کرے گا‘‘، راہل گاندھی نے سادھا حکومت پر نشانہ

نئی دہلی، جولائی 19: کانگریس کے رہنما راہل گاندھی نے ہفتہ کے روز لداخ میں ہند-چین تنازعہ کے موقف پر مرکز پر ایک تازہ حملہ کیا اور کہا کہ حکومت کی پالیسیوں کی وجہ سے ملک کو ایک بہت بڑی قیمت ادا کرنے پڑے گی۔

گاندھی نے ٹویٹر پر لکھا ’’چین نے ہماری سرزمین پر قبضہ کرلیا ہے اور جی او آئی (حکومتِ ہند) چیمبرلین جیسا سلوک کررہی ہے۔ اس سے چین کو مزید تقویت ملے گی۔‘‘

اپنے ٹویٹ کے ساتھ گاندھی نے وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کے جمعہ کو لداخ کے دورے کی ایک ویڈیو بھی شیئر کی، جس میں انھوں نے کہا تھا کہ کوئی بھی ملک ہندوستان سے ایک انچ بھی زمین نہیں لے سکتا۔

اپنے ٹویٹ میں گاندھی کے ذریعے ’’چیمبرلین‘‘ کا ذکر سابق برطانوی وزیر اعظم آرتھر نیولی چیمبرلین کا حوالہ تھا، جو دوسری جنگ عظیم سے پہلے کے دور میں ایڈولف ہٹلر کے بارے میں مطمئن کرنے والی پالیسی رکھتے تھے۔ انھوں نے 1938 میں میونخ معاہدے پر دستخط کرکے چیکوسلواکیہ کے کچھ حصے ہٹلر کے حوالے کردیے تھے۔

گاندھی نے بار بار وزیر اعظم نریندر مودی پر چین کے آگے خود سپردگی کا الزام عائد کیا ہے اور کہا ہے کہ وزیر اعظم کا یہ دعویٰ غلط ہے کہ پڑوسی ملک لداخ میں ہندوستانی حدود میں نہیں گھسا تھا۔

کانگریس کے رہنما نے پچھلے چند ہفتوں سے متعدد خارجہ پالیسی کے معاملات پر مرکز کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے اور ان سے سوالات کیے ہیں۔