ہندوستان جلد ہی دنیا کا سب سے بڑا ویکسینیشن پروگرام شروع کرے گا: وزیر اعظم مودی

نئی دہلی، 4 جنوری: وزیر اعظم نریندر مودی نے آج کوویڈ 19 کی ویکسین تیار کرنے میں مصروف ہندوستانی سائنس دانوں کی کوششوں کی تعریف کی اور کہا کہ ہندوستان جلد ہی دنیا میں ویکسینیشن کا سب سے بڑا پروگرام شروع کرنے جا رہا ہے۔

مودی نے یہ تبصرے ویڈیو کانفرنس کے ذریعے قومی میٹرولوجی کنکلیو کا افتتاح کرتے ہوئے کیے۔ اور نیشنل ایٹومک ٹائم اسکیل اور بھارتیہ نردشک درویہ کو قوم کے لیے وقف کیا۔

انھوں نے قومی ماحولیاتی معیارات کے ایک لیب کا سنگ بنیاد بھی رکھا۔

اس موقع پر وزیر اعظم نے خطاب کرتے ہوئے کہا ’’نیا سال اپنے ساتھ ایک نئی کامیابی لے کر آیا ہے۔ ہندوستانی سائنس دانوں نے صرف ایک نہیں، بلکہ دو کوویڈ ویکسین تیار کی ہیں۔‘‘

انھوں نے کہا ’’ہم دنیا میں ویکسینیشن کا سب سے بڑا پروگرام شروع کرنے کی دہلیز پر ہیں۔ پورا ملک تمام سائنس دانوں اور تکنیکی ماہرین کا مقروض ہے۔‘‘

وزیر اعظم نے سی ایس آئی آر کے سائنس دانوں پر زور دیا کہ وہ پورے ملک کے تعلیمی اداروں کے طلبا سے بات چیت کریں اور اپنے تجربات کو آئندہ نسل کے ساتھ بانٹیں۔

انھوں نے کہا ’’اس سے نوجوان سائنس دانوں کی اگلی نسل کی ترقی میں مدد ملے گی۔‘‘

وزیر اعظم نے مزید کہا کہ ہمارے ملک میں سرکاری یا نجی شعبے میں خدمات اور مصنوعات کا معیار دنیا میں ہندوستان کی طاقت کا تعین کرے گا۔

انھوں نے کہا ’’ہمیں یہ یقینی بنانا ہے کہ ’’میک ان انڈیا‘‘مصنوعات کی نہ صرف عالمی طلب ہے، بلکہ ایسے مصنوعات کی عالمی سطح پر قبولیت بھی ہے۔ ہمیں معیار اور ساکھ کی بنیاد پر برانڈ انڈیا کو مضبوط بنانا ہے۔‘‘