’’کچھ مسلمان ہندوستانی سائنس دانوں پر اعتماد نہیں کرتے، وہ پاکستان جاسکتے ہیں‘‘: سنگیت سوم

اترپردیش، جنوری 13: کوویڈ 19 ویکسین کی مخالفت کرنے والوں پر اشتعال انگیز تبصرہ کرتے ہوئے بی جے پی کے ممبر اسمبلی سنگیت سوم نے منگل کو کہا کہ ’’کچھ مسلمان‘‘ ملک کے سائنس دانوں پر اعتماد نہیں کرتے ہیں۔

سوم نے چندوسی میں نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے الزام لگایا کہ ’’بدقسمتی سے کچھ مسلمان ملک کے سائنس دانوں اور پولیس پر اعتماد نہیں رکھتے ہیں۔ انھیں وزیر اعظم پر بھی اعتماد نہیں ہے۔ انھیں پاکستان پر اعتماد ہے اور وہ وہاں جاسکتے ہیں، لیکن سائنس دانوں پر شبہ نہ کریں۔‘‘

پیر کو گرفتار ہونے والے عام آدمی پارٹی کے ایم ایل اے سومناتھ بھارتی کے بارے میں سوم نے کہا کہ انھوں نے ’’کچھ ماہ‘‘ جیل میں گزارے ہیں اور اسی لیے وہ ’’غنڈوں‘‘ والی زبان استعمال کر رہے ہیں۔

بی جے پی رہنما نے یہ بھی کہا کہ سومناتھ بھارتی کے ساتھ دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال کا دماغ بھی خراب ہوا ہے۔

واضح رہے کہ ماضی میں بھی بی جے پی لیڈر سنگیت سوم اسی طرح کے اشتعال انگیز تبصرے کر چکے ہیں۔

نئے زرعی قوانین کے خلاف جاری کسان احتجاج کے بارے میں تبصرہ کرتے ہوئے انوھں نے کہا تھا کہ اس میں کوئی بھی کسان شامل نہیں ہے بلکہ سب ’’کسان مخالف‘‘ ہیں۔