مسلمانوں کی اقلیتی حیثیت فوری طور پر ختم کی جائے: ساکشی مہاراج

کانپور (اتر پردیش)، 20 دسمبر: انّاؤ سے بھارتیہ جنتا پارٹی کے رکن پارلیمنٹ ساکشی مہاراج، جو اپنے متنازعہ تبصروں کے لیے جانا جاتا ہے، نے اب کہا ہے کہ ’’چوں کہ پاکستان کے مقابلے ہندوستان میں زیادہ مسلمان ہیں، لہذا ان کی اقلیتی حیثیت ختم کردی جانی چاہیے۔‘‘

ساکشی نے یہ بیان ہفتے کے روز انّاؤ میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے دیا۔

ساکشی نے کہا ’’ہندوستان میں پاکستان سے زیادہ مسلم آبادی ہے، لہذا فوری اثر سے مسلمانوں کی اقلیتی حیثیت ختم کردی جانی چاہیے۔ مسلمانوں کو اب خود کو ہندوؤں کا چھوٹا بہن بھائی سمجھنا چاہیے اور ان کے ساتھ ملک میں رہنا چاہیے۔‘‘

ملک کی بڑھتی ہوئی آبادی کے بارے میں بھی بات کرتے ہوئے ساکشی نے دعویٰ کیا کہ ’’جلد ہی بڑھتی آبادی کی روک تھام کے لیے پارلیمنٹ میں ایک بل پیش کیا جائے گا، جس کی رو سے، جن کے دو سے زیادہ بچے ہوں گے وہ انتخابات لڑنے سے محروم ہوجائیں گے۔‘‘

کسانوں کے احتجاج پر بات کرتے ہوئے ساکشی نے کہا ’’رام مندر کی طرح کانگریس اور دیگر سیاسی جماعتوں کو زرعی قوانین پر بھی سپریم کورٹ میں اپیل کرنی چاہیے، لیکن وہ کسانوں کے کندھوں سے بندوق چلارہے ہیں۔‘‘