خلاصہ تراویح کا اہتمام، چند اہم کتابوں کا تعارف

ابوالاعلی سید سبحانی

 

جدید دور میں فہم قرآن تحریک کا ایک مثبت اور قابل ذکر پہلو یہ ہے کہ لوگوں میں قرآن مجید کو سمجھ کر پڑھنے کا رجحان مختلف سطحوں پر اور مختلف انداز سے پروان چڑھنے لگا ہے۔ قرآن مجید کو ترجمہ کے ساتھ پڑھنا، مختلف پیش آمدہ مسائل میں قرآن مجید کی رہنمائی سے واقفیت حاصل کرنے کی کوشش کرنا، قرآن مجید کے دروس اور اجتماعی مطالعہ کی مجلسیں قائم کرنا، یہ تمام سرگرمیاں کسی نہ کسی طرح سے فہم قرآن تحریک کا نتیجہ ہیں اور پہلے سے کہیں زیادہ اب اس قسم کی سرگرمیاں دیکھنے اور سننے کو مل رہی ہیں۔ انہی سرگرمیوں میں ایک ماہ رمضان میں خلاصہ تراویح پڑھنے اور سنانے کا اہتمام بھی ہے۔ الحمدللہ اب مختلف مساجد اور گھروں میں اس کا بھرپور اہتمام کیا جاتا ہے کہ تراویح میں قرآن مجید کے جس حصہ کی تلاوت کی جاتی ہے اس کا خلاصہ اور اس کے اہم نکات سے واقفیت کی کوشش کی جائے۔ ذیل میں تین اہم کتابوں کا تعارف پیش ہے۔ یہ تینوں کتابیں مختلف پہلووں سے قرآن مجید کے پیغام، ہدایت اور رہنمائی کو مختصر انداز میں پیش کرتی ہیں۔
قرآن مجید کا پیغام عمل
از: محی الدین غازی
(بزبان: اردو، ہندی، انگلش)
صفحات: 128
قیمت: 50؍روپے
ناشر: ہدایت پبلشرز اینڈ ڈسٹری بیوٹرس، نئی دہلی۔25
’قرآن مجید کا پیغام عمل‘ یہ کتاب معروف اسلامی اسکالر اور ماہر قرآنیات ڈاکٹر محی الدین غازی کی تیار کردہ ہے، اس کتاب میں بہت ہی آسان اور عام فہم اسلوب میں قرآن مجید کے پیغام عمل کو واضح کیا گیا ہے۔ کتاب کے سرورق پر یہ عبارت کتاب کا بہترین تعارف ہے: ’خلاصہ قرآن، جو ایمان کو مضبوطی عطا کرے اور عمل کی راہیں روشن کرے‘۔ چنانچہ اس کتاب میں قرآنی قصص، تاریخ اقوام اور فقہی احکامات کے بجائے قرآنی آیات کی روشنی میں عملی زندگی سے متعلق ہدایت کے پہلو کو ابھار کر پیش کیا گیا ہے جس سے ایمان کو مضبوطی ملے، عمل کی راہیں روشن ہوں، نفس کا تزکیہ ہو، سیرت کی تعمیر ہو اور زندگی کو بہتر سے بہتر بنانے کے لیے انسان کے اندر فکرمندی اور بے چینی پیدا ہو جائے۔ مصنف کتاب کا تعارف کراتے ہوئے مقدمہ میں لکھتے ہیں: ’’قرآن مجید کے پیغام عمل کو پڑھتے ہوئے یہ پہلو سامنے آئے گا کہ قرآن مجید کن باتوں پر زیادہ زور دیتا ہے اور یہ بات بھی سامنے آئے گی کہ قرآن مجید کن کاموں کو کرنے کی تاکید بار بار کرتا ہے۔ جو باتیں قرآن مجید میں زیادہ نمایاں نظر آئیں وہ ہماری زندگی میں بھی زیادہ نمایاں نظر آنی چاہئیں، اور جو اعمال قرآن مجید میں تکرار کے ساتھ بار بار نظر آئیں وہ ہماری زندگی میں بھی اسی کثرت سے نظر آنے چاہئیں۔ یقین کے ساتھ کہا جا سکتا ہے کہ قرآن مجید کا پیغام عمل عام ہو گا تو فرد کی زندگی سنورنے لگے گی، گھروں کا ماحول خوش گوار ہو جائے گا اور انسانی معاشرے میں امن وآشتی اور الفت ومحبت کی روشنی پھیلی گی۔ یہ روشنی دور دور تک پہنچے یہی اس پیشکش کا محرک ہے۔‘‘ امید کہ اس کتاب سے استفادہ کیا جائے گا اور اسے ہر مسجد، گھر اور لائبریری تک پہنچانے کی کوشش کی جائے گی۔ یہ کتاب اردو میں ’قرآن مجید کا پیغام عمل‘، ہندی میں ’قرآن سار‘ اور انگریزی میں The Quran: Teachings & Applications کے نام سے ہدایت پبلشرز نئی دہلی سے شائع ہوئی ہے۔
خلاصہ مضامین قرآن
از: تنویر آفاقی
صفحات:100
قیمت:90؍روپے
ناشر: مرکزی مکتبہ اسلامی پبلشرز، نئی دہلی۔25
’خلاصہ مضامین قرآن‘ یہ کتاب جناب تنویر آفاقی کی تیار کردہ ہے، اس خلاصے کی بنیاد مولانا سید ابوالاعلی مودودیؒ کی معروف تفسیر ’تفہیم القرآن‘ ہے۔ تفہیم القرآن کے اسلوب کو اس خلاصہ میں بھی بہت حد تک باقی رکھنے کی کوشش کی گئی ہے، ہر سورہ سے پہلے اس کا مختصر تعارف کرایا گیا ہے اور اس کے مضامین کو بہت ہی اختصار اور جامعیت کے ساتھ پیش کیا گیا ہے۔ تفہیم القرآن کے مضامین اور اسلوب کو حتی الامکان سامنے رکھتے ہوئے اس کتاب میں بھی آسان اور عام فہم زبان اختیار کی گئی ہے، اسلوب بہت ہی سادہ اور دلچسپ ہے اور ہر سورہ کے اہم ترین مضامین، قصص اور احکامات کا احاطہ کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔ مصنف کتاب کا تعارف کراتے ہوئے لکھتے ہیں: ’’اس خلاصہ کو پارہ وار مرتب کیا گیا ہے، درمیان میں سورتوں کی بھی نشاندہی کر دی گئی ہے، بعض مساجد میں تراویح میں روزانہ سوا پارہ، ڈیڑھ پارہ، یا پونے دو پارہ پڑھا جاتا ہے، اس لیے ہر پارہ کے ضمن میں ربع، نصف اور ثلثہ کی بھی نشاندہی کر دی گئی ہے۔ بعض سورتیں دو پاروں میں منقسم ہیں، جہاں ممکن ہوا وہاں ان کا خلاصہ بھی الگ الگ پاروں میں بیان کیا گیا ہے لیکن کہیں اس بات کی رعایت کر کے کہ سورہ کا بیش تر حصہ کس پارے میں ہے، پوری سورہ کا خلاصہ اسی پارے میں دے دیا گیا ہے، اس سے قاری کو یہ شک نہ ہو کہ مرتب نے پاروں کی ترتیب بدل دی ہے۔ ایسا محض سہولت کی بنا پر کیا گیا ہے‘‘۔ یہ کتاب خلاصہ تراویح کے حوالے سے اہم کتابوں میںشمار کی جاتی ہے، امید ہے کہ اس کتاب سے انفرادی اور اجتماعی ہر دو سطح پر استفادہ کیا جائے گا۔
ہم نے آج تراویح میں کیا پڑھا؟
از: محی الدین ایوبی
(بزبان: اردو، ہندی)
صفحات:88
قیمت:مذکور نہیں
ناشر:محمد عبدالسلام بستوی، رام پور، یو پی
’ہم نے آج تراویح میں کیا پڑھا؟ یہ کتاب جناب محی الدین ایوبی کی تیار کردہ ہے۔ خلاصہ تراویح کے حوالے سے یہ کتاب اولین کوششوں میں شمار کی جاتی ہے، اس کتاب میں سورتوں اور پاروں کی نشاندہی کے ساتھ خلاصہ کے بجائے ستائیس دن کی تراویح کو پیش نظر رکھ کر خلاصہ بیان کیا گیا ہے۔ کتاب میں شروع سے آخر تک سادہ اور آسان زبان استعمال کی گئی ہے البتہ اسلوب کہیں کہیں بوجھل پن اختیار کیے ہوئے ہے۔ اس بات کی کوشش کی گئی ہے کہ قرآنی مضامین، قرآنی احکامات اور قرآنی قصص کا جہاں تک ممکن ہو بالاختصار احاطہ کر لیا جائے۔ کتاب کا تعارف کراتے ہوئے مصنف لکھتے ہیں: ’’آپ جانتے ہیں کہ اللہ کے رسول ﷺ کے پاس جبرئیلؑ امین ہر سال رمضان میں خصوصیت سے تشریف لاتے، وہ آپؐ کو قرآن سناتے اور آپ انہیں قرآن سناتے۔ اسی طرح آپؐ نے امت کو قرآن کے سننے اور سنانے کا نظم کیا اور ہمارے لیے تراویح کی نماز کا اہتمام فرمایا۔ جس کے ذریعہ سے ہم رمضان میں اس کتاب (قرآن حکیم) کو حفاظ کرام سے مکمل سنتے ہیں۔ اس کا اصل مقصد یہی ہے کہ وہ ہدایت نامہ جس پر ہمیں زندگی بھر عمل کرنا ہے، سال میں ایک مرتبہ کم ازکم پورے طور سے ہم دوہرالیں۔ اور یہ دوہرانا اسی وقت مفید ہو سکتا ہے جب ہم اس کو سمجھنے کا بھی اہتمام کریں۔ اسی عظیم مقصد کے حصول کے لیے یہ ایک چھوٹی سی کوشش ہے کہ جتنا قرآن روزانہ تروایح میں سنیں اس کا مختصر ترین خلاصہ چند منٹوں میں ہمارے سامنے آ جائے‘‘۔ یہ کتاب اردو اور ہندی دونوں زبانوں میں محمد عبدالسلام بستوی رام پور نے شائع کی ہے، مرکزی مکتبہ اسلامی پبلشرز نئی دہلی سے اس کتاب کو حاصل کیا جا سکتا ہے۔
***

مشمولہ: ہفت روزہ دعوت، نئی دلی، شمارہ 18 تا 24 اپریل 2021