جماعت اسلامی کی آن لائن میڈیکل کاؤنسلنگ سے بڑی تعداد میں لوگ کر رہے ہیں استفادہ

میڈیکل آکسیجن، پلازما اور ایمبولنس سروس سے بھی مریضوں کوفراہم کرائی جا رہی ہے سہولت

پٹنہ، 4 مئی: جماعت اسلامی ہند، بہار کے زیر اہتمام اور معروف سرجن ڈاکٹر احمد عبدالحی کی سرپرستی میں 25 سے زیادہ ڈاکٹروں کی ایک ٹیم کے تعاون سے شروع کی گئی آن لائن مفت میڈیکل کاؤنسلنگ کے بہت اچھے نتائج سامنے آرہے ہیں۔ 23 اپریل سے شروع کی گئی میڈیکل کاؤنسلنگ سے روزانہ سو سے ڈیڑھ سو لوگ استفادہ کر رہے ہیں۔

اس امر کی اطلاع فراہم کرتے ہوئے جماعت اسلامی ہند بہار کے امیر حلقہ مولانا رضوان احمد اصلاحی نے کہا کہ میڈیکل کاؤنسلنگ کے لیے تقریباً 20 ہیلپ لائن نمبر جاری کیے گئے ہیں۔ ان نمبروں پر صبح 8 بجے سے رات کے 11 بجے تک الگ الگ شفٹوں میں طبی ماہرین مریضوں اور ان کے اہل خانہ کو دوا اور علاج تجویز کرتے ہیں۔ مریضوں اور ڈاکٹروں کے بیچ 12 کوآرڈینیٹر کڑی کا کام کرتے ہیں۔ کوآرڈینیٹر مریضوں کے فون کو ڈاکٹروں کو فارورڈ کرتے ہیں۔ مریض فون پر اپنی کیفیت بتاتے ہیں اور ڈاکٹر حضرات حسب احوال دوا اور علاج تجویز کرتے ہیں۔ حسب ضرورت دوا اور آکسیجن سلنڈر بھی مہیا کیے جاتے ہیں۔

امیر حلقہ نے بتایا کہ میڈیکل کاؤنسلنگ کے ساتھ ساتھ مریضوں کو میڈیکل آکسیجن، پلازما اور ایمبولنس سروس بھی فراہم کی جارہی ہے۔ انھوں نے بتایا کہ آکسیجن سلنڈروں کی محدود تعداد کی وجہ سے زیادہ لوگوں تک آکسیجن فراہم کرنے میں دشواری ہو رہی ہے۔ اس کے مد نظر جماعت اسلامی نے پٹنہ کے ضلع مجسٹریٹ کو مراسلہ بھیج کر 50 سلنڈر قیمتاً فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

مولانا رضوان احمد نے کہا کہ جو ماہرین طب تمام تر مصروفیات کے باوجود مریضوں کے لیے اپنا وقت صرف کر رہے ہیں، جماعت اسلامی ہند بہار ان کی شکرگزار ہے۔ اس کے علاوہ میڈیکل کاؤنسلنگ کو چلانے میں اپنا تعاون پیش کرنے والے ایسوسی ایشن آف مسلم ڈاکٹرس، فلیم پٹنہ، بہار رابطہ کمیٹی اور ایس آئی او بہار کی بھی جماعت اسلامی ممنون و مشکور ہے۔