برطانیہ کے وزیر اعظم بورس جانسن نے بڑھتے ہوئے کورونا وائرس بحران کے درمیان یوم جمہوریہ کے موقع پر مجوزہ ہندوستان کا دورہ منسوخ کردیا

نئی دہلی، جنوری 6: برطانیہ کے وزیر اعظم بورس جانسن نے منگل کے روز 26 جنوری کو ہونے والا اپنا دورۂ ہندوستان منسوخ کردیا۔

ڈاوننگ اسٹریٹ کے ایک ترجمان نے کہا ’’وزیر اعظم نے آج ہندوستانی وزیر اعظم مودی سے بات کی اور اس افسوس کا اظہار کیا کہ وہ اس مہینے کے آخر میں منصوبہ بندی کے مطابق ہندوستان کا دورہ کرنے سے قاصر ہوں گے۔‘‘

جانسن نے دورے کی منسوخی کے لیے پیر کے روز انگلینڈ میں لگائے گئے مکمل لاک ڈاؤن کا حوالہ دیا۔ ترجمان نے کہا ’’گذشتہ رات اعلان کردہ قومی لاک ڈاؤن کی روشنی میں اور جس تیزی سے نیا کورونا وائرس مختلف شکل میں پھیل رہا ہے، اس کی روشنی میں وزیر اعظم نے کہا کہ ان کے لیے برطانیہ میں رہنا ضروری ہے۔‘‘

برطانوی وزیر اعظم نے 26 دسمبر کو نئی دہلی میں یوم جمہوریہ کی تقریبات میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی دعوت قبول کی تھی۔

ہندوستان کے وزیر برائے امور خارجہ ایس جے شنکر نے کہا تھا کہ یوم جمہوریہ کے موقع پر جانسن کی بطور مہمان خصوصی موجودگی دونوں ممالک کے مابین تعلقات میں ایک نئے دور کی علامت ہوگی۔