انگریزی میں اسلامی لٹریچر کی اشاعت کی اشد ضرورت ہے : امیر جماعت اسلامی ہند 

نئی دہلی: مرکز جماعت اسلامی ہند میں منعقدہ ایک مجموعہ حدیث کے اجرا کے موقع پر امیر جماعت اسلامی ہندجناب سید سعادت اللہ حسینی نے کہا کہ اس وقت انگریزی میں اسلامی لٹریچر کی اشد ضرورت ہے۔

جمعرات کو یہاں انگریزی میں حدیث کے ایک مجموعے A Guide to Moral Rectitude کا اجرا کیا گیا، جسے بورڈ آف اسلامک پبلی کیشنز کے ذریعے منظر عام پر لایا گیا ہے۔

جماعت اسلامی کے امیر نے اسلامی کتب کی ای مارکیٹنگ کی ضرورت پر بھی زور دیا اور امید ظاہر کی کہ بورڈ کے عہدیدار اس طرف توجہ دیں گے۔

قبل ازیں بورڈ کے سکریٹری ڈاکٹر وقار انور نے اپنے تعارفی کلمات میں بورڈ کے ذریعے کتابوں کی اشاعت کے پورے منصوبے کو پیش کیا۔ انھوں نے بورڈ کے لوگوں کے ساتھ ساتھ کتاب کے نمونے اور کاغذ اور طباعت کے معیار پر بھی روشنی ڈالی۔

مذکورہ بالاکتاب حضرت محمدﷺ کی احادیث کا ایک انمول مجموعہ ہے،جو دنیا اور آخرت سے متعلق مختلف پر رشنی ڈالتی ہے۔کتاب کا آغاز عقیدہ اور ایمان کے ساتھ ہوتاہے، پھریہ قاری کو عقیدے سے متعلق رسوم کی طرف راغب کرتی ہے ، اسے اصلاحات اور تربیت ، اور انسانی امور کے بارے میں بتاتی ہے نیز معاشرے اور ثقافت اور کردار کے مطلوبہ اور نامطلوب خصائل پر روشنی ڈالتی ہے ۔ جیسے جیسے کتاب آگے بڑھتی ہے ، قاری اہل ایمان کی خصوصیات سے، نبی اکرم ﷺ ، صحابہ کرامؓ اورامت مسلمہ کی اہم شخصیات کی زندگیوں سےواقف ہوتاہے۔

یہ کتاب316 صفحات پر مشتمل ہے اور اس کی قیمت Rs. 350 ، کتاب بورڈ آف اسلامک پبلیکیشنز ، نئی دہلی کے ذریعے شائع کی گئی ہے۔ یہ کتاب کا تیسرا ایڈیشن ہے۔

اس کتاب کو مرکزی مکتبہ اسلامی سے حاصل کیا جاسکتا ہے، نیز آن لائن ادائیگی کرکے کتاب بورڈ آف اسلامک پبلیکیشنز سے بھی حاصل کیا جاسکتا ہے۔ آن لائن خریداری کے لیے بینک اکاؤنٹ نمبر کی تفصیلات یہ ہیں:

بورڈ آف اسلامی پبلی کیشنز، اکاؤنٹ نمبر 964385450، انڈین بینک، جامعہ ملیہ اسلامیہ شاخ، IFSC: IDIB000J029