اترپردیش میں ایک بزرگ دلت شخص کو مارا پیٹا گیا اور زبردستی پیشاب پینے پر مجبور کیا گیا، ایف آئی آر درج

اترپردیش، اکتوبر 13: اترپردیش کے للت پور میں روڑا گاؤں میں ایک 65 سالہ دلت شخص پر مبینہ طور پر اس شخص کے ذریعے حملہ کیا گیا اور اسے پیشاب پینے پر مجبور کیا گیا جس کے خلاف متاثرہ شخص نے پولیس میں شکایت درج کرائی تھی۔

ملزم سونو یادو نے مبینہ طور پر کچھ دن قبل مقتول کے بیٹے پر کلہاڑی سے حملہ کیا تھا، جس کے بعد باپ بیٹے کے ذریعے پولیس سے رابطہ کرنے کے پر یادو مبینہ طور پر انھیں معاملہ طے کرنے اور اپنی شکایت واپس لینے پر مجبور کر رہا ہے۔

منگل کے روز ملزم یادو نے مبینہ طور پر والد امر نامی متاثرہ بزرگ شخص کو پیشاب پینے پر مجبور کیا۔

امر نے اے این آئی کو بتایا کہ ’’جب میں نے انکار کیا تو اس نے چھڑی سے مجھ پر حملہ کیا۔ اس نے کچھ دن پہلے میرے بیٹے پر کلہاڑی سے حملہ کیا تھا اور ہم نے اس کے خلاف پولیس میں شکایت کی تھی۔ لہذا وہ ہمیں سمجھوتہ کرنے پر مجبور کر رہا تھا۔‘‘

للت پور کے ایس پی مرزا منظر بیگ نے کہا کہ ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے اور یادو کو گرفتار کرنے کے لیے تلاش جاری ہے۔ انھوں نے کہا کہ ’’روڈا گاؤں میں کچھ بااثر افراد نے دو دیہاتیوں کو تشدد کا نشانہ بنایا ہے۔ اس کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے ایف آئی آر درج کرلی۔ مرکزی ملزم کو گرفتار کرلیا گیا ہے اور اس معاملے میں ملوث دیگر افراد کی تلاش جاری ہے۔ ہم کسی بھی طرح کی غنڈہ گردی برداشت نہیں کریں گے۔‘‘