
نئی دہلی (دعوت نیوز ڈیسک):
چلڈرن اسلامک آرگنائزیشن (CIO) ملک گیر سطح پر ایک ہمہ گیر ماحولیاتی مہم چلا رہی ہے جس کا عنوان ہے ’’ہاتھ مٹی میں، دل وطن کے ساتھ‘‘۔ یہ مہم 25؍ جون تا 26؍ جولائی 2025ء کے دوران منائی جائے گئی، جس میں بچوں کو درخت لگانے اور فطرت سے تعلق مضبوط کرنے کی ترغیب دی جائے گی۔
مرکز جماعت اسلامی ہند، نئی دہلی میں منعقدہ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے CIO کے ذمہ داران—رملہ، سید نبیغ اظہان حسینی اور محمد حمید—نے مہم کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا ’’CIO ایک ہمہ جہت اسلامی اقدار پر مبنی تنظیم ہے جو بچوں کی متوازن تربیت کا عزم رکھتی ہے۔ ہمارا ایمان ہے کہ فطرت سے محبت کا جذبہ بچپن ہی سے پیدا کیا جانا چاہیے اور جب بچوں کو صحیح رہنمائی دی جائے تو وہ حیرت انگیز تبدیلی لا سکتے ہیں۔ یہ مہم ہر بچے کے دل میں فطرت سے محبت، احساسِ ذمہ داری اور دیکھ بھال کا جذبہ بیدار کرنے کے لیے ہے تاکہ درخت لگانا ایک خوشگوار اور قومی خدمت کا بامعنی عمل بن جائے۔‘‘
رملہ نے مزید کہا’’زمین کا درجہ حرارت بڑھ رہا ہے، درختوں کی تعداد گھٹ رہی ہے اور ہوا کا معیار دن بہ دن خراب ہو رہا ہے۔ جنگلات کے خاتمے کے ساتھ ہم ماحولیاتی تبدیلی کے خلاف اپنا قدرتی دفاع کھو رہے ہیں۔ CIO کا یقین ہے کہ بچے اس رجحان کو بدلنے میں کلیدی کردار ادا کر سکتے ہیں۔‘‘
مہم کے عملی پہلوؤں پر روشنی ڈالتے ہوئے سید نبیغ اظہان حسینی نے بتایا:
’’مہم کے تحت بچوں کو اسکولوں، مدارس، مساجد، محلوں کے پارکوں اور اپنے گھروں کے سامنے درخت لگانے کا ٹاسک دیا گیا۔ ہر بچے سے کہا گیا ہے کہ وہ اپنے درخت کو کوئی نام دے، اسے ایک دوست سمجھے اور اس کے ساتھ اپنی یادیں تخلیقی انداز میں محفوظ کرے۔‘‘
مہم کے ساتھ مختلف سرگرمیاں بھی شامل رہیں، جن میں ’’سبز عہد‘‘ کی تقاریب، جمعہ خطبات، فطرت کی سیر، اور فنونِ لطیفہ و شاعری کے مقابلے شامل تھے۔ سوشل میڈیا پر بچوں کی ویڈیوز اور ریلس کے ذریعے پیغام کو عام کیا گیا۔
محمد حمید نے بتایا کہ مہم کو مؤثر بنانے کے لیے CIO نے مختلف سرکاری محکموں سے اشتراک کیا تاکہ صحت مند پودے، موزوں مقامات اور ماحولیاتی تعلیمی وسائل فراہم کیے جا سکیں۔
مہم کے نمایاں نعرے کچھ یوں تھے:
’’جہاں ہر بچہ ایک درخت لگائے، وہاں ہر سمت ہریالی چھائے!‘‘
’’ہر پتا مسکرائے ۔ ہر دن سبزہ لائے!‘‘
آخر میں CIO کے رہنماؤں نے والدین، اساتذہ، اسکولوں کے منتظمین اور دینی قائدین سے اپیل کی کہ وہ اس طرح کی مہمات کا حصہ بنیں۔ انہوں نے مزید کہا ’’درخت لگانا محض ایک عمل نہیں بلکہ زمین سے وفا اور مستقبل کی ضمانت ہے۔ اگر دس لاکھ بچے دس لاکھ درخت لگائیں گے تو وطن ہریالی سے مہک اٹھے گا۔ تو آئیے اس عہد کو مستقل عادت بنائیں۔ درخت لگائیں، زمین بچائیں، فخر محسوس کریں۔‘‘
***
ہفت روزہ دعوت – شمارہ 06 جولائی تا 12 جولائی 2025