عبادت گاہوں کے تحفظ سے متعلق عدالت عظمی کے فیصلے پر سختی سے عمل کیا جائے: شاہی امام سید احمد بخاری

نئی دہلی ،30 نومبر :۔

مساجد اور درگاہوں کے  تعلق ہندو شدت پسندوں کی جانب سے آئے دن نت نئے فتنے برپا کئے جا رہے ہیں ۔بدایوں ،سنبھل کے بعد اب خواجہ معین الدین چشتی کی درگاہ پر بھی شیو مندر کے دعوے نے مسلمانوں میں شدید بے چینی پیدا کر دی ہے۔ اس سلسلے میں نچلی عدالتوں  کے رویوں نے خاص طور پر عدم اطمینان کا ماحول پیدا کیا ہے۔ ملک کا سنجیدہ طبقہ اس رویے سے متفکر ہے۔شاہی جامع مسجد دہلی کے امام سید احمد بخاری نے موجودہ حالات میں تشویش کا اظہار کرتے ہوئے عبادت گاوں کے تحفظ سے متعلق 1991 کے ورشپ ایکٹ پر سختی سے عمل آوری کی اپیل کی ہے۔گزشتہ روز نماز جمعہ سے قبل اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ نے عبادت گاہوں کے تحفظ سے متعلق جواشاریئےدئے  ہیں، ان پر عمل کرنا اور کروانا،روز فتنے نہ پیدا ہوں،اس پر قدغن لگانے کے لئے سخت موقف اختیار کرنے کی ضرورت ہے۔

کل یہاں جاری ایک پریس ریلیز میں انھوں نے کہا کہ عدالت نے اپنے فیصلے میں اکتوبر1991میں بنے پارلیمانی ایکٹ عبادت گاہوں کے تحفظ کا خصوصی قانون پر خصوصی توجہ دیتے ہوئے واضح تنبیہ کی تھی کہ اس ایکٹ کی رو سے مستقبل میں اس طرح کے مزید فتنوں کو ہوا نہ دی جائے، یہ اب سلسلہ ختم ہوجاناچاہئے لیکن ساتھ میں فیصلے میں کچھ ایسی گنجائش چھوڑدی گئی، جس کاغلط استعمال (مس یوز)اب روز کا وطیرہ بن گیاہے۔ جامع مسجد بدایوں کرناٹک ،مدھیہ پردیش ،اور دیگر ریاستوں میں اس طرح کے دعوے اور سروے کی باتیں نہ ختم ہونے والا یہ سلسلہ شاہی جامع مسجد سنبھل اور 800سال پرانی درگاہ حضرت خواجہ معین الدین چشتی غریب نواز ؒ تک پہنچ چکاہے۔آخر ہم اس طرح کے معاملات کو کہاں تک لے جاناچاہتے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ سپریم کورٹ نے 2019 میں بابری مسجد کے حوالے سے تمام زمینی حقائق مسجد کے حق میں ان کی نشاندہی کرتے ہوئے فیصلہ مندر کے حق میں دیا ،ہم روز اول سے عدالتوں کے فیصلے کو ماننے کی اور اپنے آپ کو اس کاپابند رکھنے کی کئی دہائیوں سے برابربات کرتے رہے ہیں۔عدالت کے فیصلے حقائق پر ہوتے ہیں جذبات پر نہیں۔انھوں نے دعوی کیا کہ ہندوستانی عدلیہ کی تاریخ میں یہ واحد فیصلہ جو اکثریت کے مذہبی جذبات کی بنیادپرحقائق سے روگرادانی کرتے ہوئے اس کے حق میں دیاگیامسلمانوں نے اپنا وعدہ نبھایا،عہد کی پابندی کی اور چوں تک نہیں کی۔

احمد بخاری  نے دعوی کیا کہ اب یہ سلسلہ سروے سے بڑھ کردنگوں، ہلاکتوں،یک طرفہ زیاتیوں،قیدوبند کی صعوبتوں، اور نفسیاتی محرومیوں کی حدوں کو پارکرتا جارہا ہے۔سنبھل میں ایک ضلع مجسٹریٹ آنافانا میں سروے آرڈر دیتاہے، دو گھنٹے میں اس پر عمل شروع ہوجاتاہے سروے ٹیم تشکیل دی جاتی ہے اور اسی دن سروے بھی کرلیاجاتاہے۔مسجد کمیٹی جو براہ راست فریق ہے جس کے صدرخود وکیل بھی    ہیں ان کو بھی سنا نہیں جاتا،ایسی جلد بازی کیوں؟ کیا کسی نئے فتنے کو جگانے کیلئے ایساکیاگیا؟یہ اپنے آپ میں ایک سوال ہے جب کہ پرامن طریقے سے پہلا سروے کرایاگیا ،کمیٹی کے لوگ سنبھل لوک سبھاکے رکن ضیاءالرحمن برق وہاں موجود رہے اور خوش اسلوبی سے یہ کام انجام پاگیا۔

مولانا بخاری نے کہا کہ ایک مرتبہ سروے کرنے میں فیصلے کی گنجائش تھی لیکن پھر دو دن بعددوبارہ سروے بغیر عدالت کی اجازت کے کیاگیا ،صبح نماز فجر کے وقت سروے ٹیم وہاں پہنچتی ہے، اگر ٹیم میں صرف سروے سے متعلق اراکین ہوتے ،تب بھی صبر آجاتا۔لیکن ان کے ساتھ غیر متعلق لوگوں کا نعرے لگاتے ہوئے مسجد میں داخل ہونااس بات کا ثبوت ہے کہ نیت سروے کی کم دنگے کی زیادہ تھی،عوام کااس حرکت پر غصہ آنافطری تھا۔ بعد ازاں حالات بگڑتے گئے گولیاں چلیں،ہلاکتیں ہوئیں، 5 نوجوان بچے لقمہ ءاجل بن گئے ،متعدد لوگ زخمی ہوئے،متعدد گرفتاریاں ہوئیں،سیکڑوں لوگوں کے خلاف مقدمات قائم ہوئے۔شہر میں خوف وہراس کاماحول ہے ۔

انھوں نے کہا کہ آج وطن عزیز کے جو حالات ہیں اور جس سے آپ اور ہم گزررہے ہیں اب سب کو مل کر یہ طے کرناہوگا کہ ہمارے ملک  کوکس طرف جاناہے ،جو ہم نے آئین میں طے کیاہے جس پر آج بھی سب کا اتفاق ہے ۔ آج قیادت وزیراعظم کے پاس ہے اور یہ تمام باتیں ان سے سیدھی جڑتی ہیں۔ اُس سے یہ یقین پیداہوتاہے اور ہونابھی چاہئے کہ ملک میں قانون کی بالادستی ہے برابری اور مساوات ہے اور عدل وانصاف کا دوردورہ ہے۔لیکن ہندوستان کی اقلیتوں میں بالعموم اورمسلمانان ہند میں بالخصوص سابقہ چند برسوں میں احساس محرومی پیداہوئی ہے۔ انھوں نے آخر میں کہا کہ ان کا یہ سوال ہے کہ وزیراعظم صاحب یہ جو کچھ ہورہاہے اور جو اس کے کرنے والے ہیں، وہ آپ کے دوست کیسے ہوسکتے ہیں؟یہ اپنے آپ میں ایک سوال ہے۔